دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نے لی کورونا ویکسین کی پہلی خوراک

مفتی ابوالقاسم نعمانی نے ویکسین لینے کے بعد کہا کہ ’’مہلک بیماریوں سے بچنے کے لئے ہر ممکنہ طریقے استعمال کئے جانے چاہئیں۔‘‘

عارف عثمانی
دیوبند: کورونا وائرس کو ختم کرنے کے لئے پورے ملک میں چلائی جانے والی کووڈ – 19 ویکسین مہم میں شمولیت کی غرض سے دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے پیر کے روز ویکسین کی پہلی خوراک لی ۔ اس موقع پر انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ کورونا جیسی مہلک بیماری سے اپنے آپ کو بچانے کے لئے ہر ممکنہ طریقوں کو استعمال کیا جائے۔
تفصیل کے مطابق اسلامی تعلیم کی عظیم دانشگاہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی، ادارہ کے نائب مہتمم مولانا عبد الخالق مدراسی کے ہمراہ دیوبند کے سرکاری اسپتال پہنچے اور انہوں نے کورونا وائرس جیسی مہلک بیماری سے بچاؤ کے لئے ویکسین کا پہلا ٹیکہ لگوایا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس مہلک بیماری سے بچنے کے لئے ملک کی عوام کو متحد ہوکر لڑنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری طور پر انہیں کووڈ-19 سے اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کے لئے ویکسین لینے کے لئے کہا گیا تھا، اس لئے انہوں نے از خود سرکاری اسپتال پہنچ کر ٹیکہ لگوا لیا ہے۔
مولانا نعمانی نے کہا کہ مذکورہ ویکسین سے متعلق بہت ساری افواہیں پھیلائی جارہی ہیں لیکن ابھی تک کوئی ایسی بات سامنے نہیں آ ئی ہے جس کی بناءپر کورونا ویکسین کو لینے میں کوئی قباحت محسوس ہوتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس ویکسین کو لینا یا نہ لینا ہر ایک شخص کا اپنا ذاتی فیصلہ ہے، لیکن ہم عوام سے یہی اپیل کرتے ہیں کہ کورونا جیسی مہلک بیماری سے بچاؤ کے لئے ہر ممکنہ طریقے اپنائے جائیں اور فیس ماسک لگانے کے ساتھ ساتھ سوشل ڈسٹنسنگ کا ضرور خیال رکھا جائے، تاکہ اس مہلک بیماری کو ختم کیا جا سکے۔