جدہ: جدہ میں بین الاقوامی اسلامی فقہ اکادمی نے باور کرایا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین کا استعمال شرعا جائز ہے اور اگر حکمراں اسے لازم قرار دے تو پھر اس کا استعمال واجب ہو جائے گا۔ مذکورہ اکادمی اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے زیر انتظام ہے۔
اکادمی نے دنیا بھر میں مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ممالک میں حکمرانوں اور صحت عامہ کے ذمے دار حکام کی جانب سے جاری ہدایات کی پابندی کریں۔ اس لیے کہ انسانی جان کا تحفظ اسلامی شریعت کے مطابق ضروری مقاصد میں شمار ہوتا ہے۔
اس سے قبل فقہ اکادمی کے جنرل سکریٹریٹ نے شیخ صالح بن حمید کے زیر صدارت ایک فاصلاتی فقہی سیمینار منعقد کرایا تھا۔ اس کا مقصد (کرونا) ویکسین کے استعمال کے حوالے سے شرعی حکم کا تعین کرنا تھا۔ سیمینار کے دوران معالجین ، طبیبوں اور دوا سازی کے ماہرین کی گفتگو کو تفصیل سے سنایا گیا۔ اس کے بعد یہ تصدیق کی گئی کہ مذکورہ ویکسین مواد، مرکبات، پودوں اور قدرتی تیزابوں سے بنی ہے اور اس میں سُور یا انسانی جسم سے نکلی کوئی چیز شامل نہیں۔
اکادمی نے یہ بھی واضح کیا کہ غریب افراد میں تقسیم کرنے کے لیے اس ویکسین کو زکات کی رقم سے بھی خریدا جا سکتا ہے۔ اس لیے کہ ایسا کرنا “فی سبیل اللہ” (اللہ کے راستے) کے مصرف میں آتا ہے۔
(العربیہ ڈاٹ نیٹ)