رام اللہ: فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں الجلزون کیمپ میں اسرائیلی فوجیوں نے دو فلسطینی بچوں کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق جلزون کے میڈیا سینٹر کے ترجمان مہدی حمدان نے بتایا کہ قابض فوج نے بیت ایل یہودی کالونی کے قریب ‘الیاسمین’ کے مقام پر دو فلسطینی بچوں کو گولیاں مارکر زخمی کردیا۔
عبرانی ٹی وی چینل 12 کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے بیت ایل کے قریب اسرائیلی فوج پر پٹرول بم پھینکنے کے واقعے کے بعد فلسطینی بچوںپر گولی چلائی۔ دونوں فلسطینی بچوں کوزخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ غرب اردن میں فلسطینی شہریوں پر حملے اسرائیلی فوج کا معمول بن چکے ہیں۔ آئے روز فلسطینی شہری غرب اردن میں قابض فوج کی وحشیانہ کارروائیوں سے شہید اور زخمی ہوتے ہیں۔






