نئی دہلی: (ملت ٹائمز) الیکشن سے ایک مہینہ قبل سیاست میں قدم رکھنے والے عباس صدیقی کی پارٹی کا پہلے ہی انتخاب میں کھاتہ کھل گیا ہے ۔ فرفرہ شریف کی خانقاہ کے پیرزادہ عباس صدیقی کی پارٹی انڈین سیکولر فرنٹ کو پہلے انتخاب میں ایک سیٹ پر کامیابی مل گئی ہے ۔ ملت ٹائمز بنگلہ کے ایڈیٹر محمد صفی اللہ ملا کی اطلاع کے مطابق بنگال کی بھور پرآئی ایس ایف کے امیدوارنوشاد صدیقی اور ٹی ایم سی کے لیڈر ڈاکٹر رضاءالکریم کے درمیان سخت مقابلہ تھا جس میں نوشادصدیقی نے جیت حاصل کی ۔نوشاد صدیقی عباس صدیقی کے اپنے سگے بھائی ہیں واضح رہے کہ عباس صدیقی میدان میں نہیں اترے تھے ۔
بنگال اسمبلی انتخابات میں کانگریس۔ لیفٹ اور عباس صدیقی کی پارٹی آئی ایس ایف کے درمیان اتحاد تھا جس میں آئی ایس ایف نے ایک سیٹ پر جیت حاصل کرلی ہے جبکہ کانگریس اور لیفٹ کو ایک بھی سیٹ پر جیت نہیں ملی ہے ۔اس کے علاوہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کو بھی ایک بھی سیٹ پر کامیابی نہیں ملی ہے ۔ مغربی بنگال کے انتخابی رجحانات میں ٹی ایم سی 218 سیٹوں پر آگے ہے جبکہ بی جے پی 78 سیٹو ں پر ہے ۔ کانگریس اور لیفٹ ایک بھی سیٹ جیت حاصل کرتی نظر نہیں آرہی ہے ۔






