معروف عالم دین مولانا نور عالم خلیل امینی کا انتقال ، علمی وادبی حلقہ سوگوار

دیوبند: (ملت ٹائمز) دارالعلوم دیوبند کے سینئر استاذ اور عربی میگزین ماہنامہ الداعی کے چیف ایڈیٹر مولانا نور عالم خلیل امینی کا 70 سال کی عمر میں آج شب سو اتین بجے انتقال ہوگیا ۔ انا للہ وانا الیہ راجعون
مولانا نور عالم خلیل گذشتہ پندرہ دنوں سے شدید علیل تھے ۔ آکسیجن کی قلت بھی ہوئی تھی تاہم دو دن پہلے آکسیجن لیو صحیح ہوگیا ہوتھا او رطبیعت بحال ہوگئی تھی ۔ آج دوپہر بعد پھر خبر گردش کرنے لگی کہ مولانا کے دل کی دھڑکن بہت تیز ہوگئی ہے اور 3مئی 2021 بروز سوموار صبح تین بجکر 15منٹ دیوبند میں رہائش گا ہ پر ان کی روح پرواز کر گئی ۔
مولانا دارالعلوم دیوبند میں تقریباً تین دہائی سے عربی زبان وادب اور علوم کی خدمات انجام دے رہے تھے اور ہندوستان سے عربی زبان میں شائع ہونے والی سب سے معیاری میگزین ماہنامہ الداعی کے چیف ایڈیٹر تھے ۔ مولانا عربی اور اردومیں دسیوں کتابوں کے مصنف ہیں اور اہل علم کے درمیان آپ کی کتابیں مقبول ہیں ۔ وہ کوہ کن کی باتیں ۔ پس مرگ زنداں ۔ صلیبی صہیونی جنگ ۔ فلسطین کی آزادی سمیت متعدد کتابیں اہل علم میں مقبول ہیں ۔ آپ ہندوستان ،پاکستان اور بنگلہ دیش ونیپال کے علاوہ عرب ممالک اور یورپ میں بیحد مقبول تھے ، آپ کی عربی کتابیں دنیاعالم عرب میں دلچسپی کے ساتھ پڑھی جاتی تھیں اور عرب ممالک کے متعدد اخبارات ورسائل میں عالم عرب اور عالم اسلام کے مسائل پر شائع ہوتے رہے ہیں ۔دنیابھر میں ہزاروں کی تعداد میں آپ کے شاگرد پائے جاتے ہیں ۔
مولانا بنیادی طور پر بہار کے سیتامڑھی ضلع میں رائپور گاﺅں سے تعلق رکھتے تھے ۔ مولانا کے پسماندگان میں تین بیٹے ، بیٹیا ں اور اہلیہ شامل ہیں ۔ نماز جنازہ کی تفصیلات ابھی نہیں بتائی گئی ہے ۔مولانا کی وفات کی خبر آتے ہی سوشل میڈیا لوگوں نے اپنے رنج وغم اور تعزیت کا اظہار شروع کردیا ہے ۔ اللہ تعالی مولانا مرحوم کی مغفرت فرمائے ۔ اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے ۔