جے ڈی یو لیڈر اور ایم ایل سی تنویر اختر کا کورونا سے انتقال، نتیش کمار کا اظہارِ افسوس

نتیش کمار نے کہا کہ ’’تنویر اختر کے انتقال سے سیاسی و سماجی شعبہ میں ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔ ان کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا ہوگی۔ دعاء ہے کہ انھیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا کریں۔‘‘
کورونا انفیکشن کے قہر کےد رمیان لگاتار مشہور سماجی و سیاسی شخصیتوں کے انتقال کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ تازہ خبر بہار سے آ رہی ہے جہاں کورونا انفیکشن کی وجہ سے جنتا دل یو لیڈر اور ایم ایل سی تنویر اختر کے انتقال سے لوگوں میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ تنویر اختر کئی دنوں سے بیمار تھے اور اسپتال میں زیر علاج تھے۔ ہفتہ کے روز ان کا انتقال ہو گیا جس کے بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ٹوئٹ کر اظہارِ افسوس کیا۔
نتیش کمار نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’بہار قانون ساز کونسل کے رکن محمد تنویر اختر جی کا انتقال انتہائی غم انگیز ہے۔ وہ ایک ماہر سیاستداں تھے۔ ان کے انتقال سے سیاسی اور سماجی شعبہ میں ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔ ان کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائے گی۔ ایشور سے دعاء ہے کہ انھیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا کریں۔‘‘

دوسری طرف بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی رکن اسمبلی تیجسوی یادو نے بھی تنویر اختر کے انتقال پر اظہارِ غم کیا ہے۔ تیجسوی یادو نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’کورونا انفیکشن کے سبب جنتا دل یو ایم ایل سی جناب تنویر اختر جی کے بے وقت موت کی خبر سن حیرت میں ہوں۔ ایشور مرحوم کو جنت میں مقام دے اور غم کے اس وقت میں اہل خانہ کو صبر اور ہمت دے۔‘‘
واضح رہے کہ بہار میں کورونا انفیکشن کی وجہ سے پہلے ہی کئی مشہور و معروف ہستیوں کا انتقال ہو چکا ہے۔ بی جے پی ایم ایل سی ہری نارائن چودھری کی بھی موت کورونا انفیکشن کی وجہ سے ہی ہوئی تھی اور بہار حکومت کے چیف سکریٹری ارون کمار سنگھ بھی کورونا کے سبب ہی فوت ہوئے۔