گردابی طوفان تاؤتے سے ممبئی بے حال، ریکارڈ بارش سے تباہی کا منظر

تاؤتے جب ممبئی کے ساحل سے ٹکرایا تو شہر نے 73 سال کے سب سے خوفناک طوفان کا سامنا کیا۔ اس دوران ممبئی میں ریکارڈ توڑ بارش ریکارڈ کی گئی۔ یہ جانکاری طوفان گزرنے کے بعد بی ایم سی نے دی۔
تاؤتے طوفان گزر گیا، لیکن یہ جاتے جاتے ممبئی میں تباہی کا منظر چھوڑ گیا۔ طوفان کے دوران ممبئی میں ریکارڈ توڑ بارش ہوئی اور کئی جگہ زبردست تباہی دیکھنے کو ملی۔ بی ایم سی نے گردابی طوفان گزرنے کے بعد کے حالات کا تجزیہ کیا اور پھر اپنی رپورٹ میں کہا کہ تاؤتے کے قہر سے پیر کو ریکارڈ بارش ہوئی اور بہت زیادہ تباہی مچی۔ منگل کے روز بھی ایک شخص کی موت واقع ہوئی جب کہ دو لاپتہ اور 10 افراد زخمی ہو گئے۔ اس دوران ملک کی معاشی راجدھانی نے گزشتہ 73 سالوں میں سب سے بڑے گردابی طوفان کا تجربہ کیا۔
طوفان کے دوران ممبئی میں 110 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا اندازہ محکمہ موسمیات نے لگایا تھا، لیکن جب پیر کو طوفان نے دستک دی تو شہر میں ہوا کی رفتار 114 کلو میٹر تک تھی، جو کہ شہر کے پاش علاقے کولابا سے ٹکرا رہی تھی۔ برٹانیہ پمپنگ اسٹیشن رے روڈ پر 177 کلو میٹر فی گھنٹہ اور ملاڈ مغرب میں مالوانی میں 101 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی ہوئی دیکھی گئیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران کئی علاقوں میں اوسطاً 230.3 ملی میٹر بارش اور شہر کی طرف اوسط 207.6 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔ یہ اپنے آپ میں ریکارڈ ہے کیونکہ ایسی بارش گزشتہ صدی میں مئی کی عروج والی گرمی کے مہینے میں ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ ممبئی شہر میں اوسطاً سالانہ بارش تقریباً 2500 ایم ایم بارش ہوتی ہے، یعنی اس طوفان کے دوران ہوئی بارش سال بھر کی کل بارش کا 9 فیصد درج کیا گیا ہے۔ طوفان کے دوران کاندی ولی (320 ایم ایم)، بوری ولی (315 ایم ایم)، دہیسر (292 ایم ایم)، گورے گاؤں اور ملاڈ (281 ایم ایم)، جنوب-وسط ممبئی کے جی-ساؤتھ وارڈ یا آس پاس (266 ایم ایم) اور وَرلی (254 ایم ایم) میں سب سے زیادہ بارش درج کی گئی۔
طوفان میں کئی عمارتوں، جھگیوں یا فلیٹوں میں پانی کے رِسنے کی خبروں کے ساتھ ساتھ شہر کے 56 ذیلی علاقوں میں کئی گھنٹوں تک سیلاب اور آبی جماؤ کے حالات رہے، جس سے ٹرانسپورٹیشن متاثر ہوا اور پیدل چلنے والوں کو بھی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ طوفان میں شہر میں چھوٹے یا بڑے گھر یا دیوار منہدم ہونے کے 43 واقعات پیش آئے، جن میں 9 لوگ زخمی ہوئے۔ بجلی کے بکسے یا جنکشنوں میں پانی کے رِسنے کے سبب بجلی کے شارٹ سرکٹ کی بھی شکایتیں درج کی گئیں۔ پورے شہر میں گردابی طوفان کے دوران کم از کم 2364 درخت یا بڑی شاخیں ٹوٹ گئیں جس سے ایک شخص کی موت ہو گئی اور ایک شخص زخمی ہو گیا۔
بی ایم سی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالوانی اور ماہم ساحلوں میں مچھلی پکڑنے والی کشتیوں کو ان کے لنگر سے اکھاڑ دیا گیا تھا جس میں دو لوگ اب بھی لاپتہ ہیں، جب کہ 8 تیر کر محفوظ مقام پر پہنچنے میں کامیاب رہے۔ تاؤتے طوفان کے گجرات ساحل کی طرف گھومنے اور پیر کی دیر رات پہنچنے کے کچھ گھنٹوں بعد ممبئی اور باقی ساحلی کونکن میں پیر کی نصف شب میں کچھ بارش ہوئی، حالانکہ الگ الگ علاقوں میں تیز ہوائیں اور بارش جاری رہی۔