کیا کابینہ میں توسیع کر کے ناراضگی دور کریں گے وزیر اعظم مودی؟

کابینہ میں اگر توسیع ہوتی ہے تو پھر یہ مودی حکومت کے لئے ضرورت سےزیادہ مجبوری ہوگی کیونکہ کئی ریاستوں میں بی جےپی میں اندرونی ناراضگی بڑھ رہی ہے۔
مرکزی کابینہ میں توسیع کے تعلق سے چل رہی خبروں کے بیچ وزیر اعظم نریندر مودی نےکل وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی کے صدر جےپی نڈا سے ملاقات کی۔ واضح رہےسال 2019 میں دوسری مرتبہ عام انتخابات جیتنے کے بعد وزیراعظم نے اپنی کابینہ میں کوئی توسیع نہیں کی ہے۔
ادھر اتر پردیش میں سیاسی ماحول بہت گرم ہے اور وہاں کے تعلق سے بی جے پی اور سنگھ کے لیڈروں کی بھی کئی میٹنگس ہو چکی ہیں ۔ اتر پردیش کابینہ میں توسیع کو لےکر بھی خبریں گرم ہیں ۔کل اتر پردیش کے وزیر اعلی یو گی آ دتیہ ناتھ نے دہلی میں وزیر اعظم سے ملاقات کی ، اس سے قبل ان کی ملاقات وزیر داخلہ امت شاہ سے بھی ہوئی تھی۔
کابینہ میں اگر توسیع ہوتی ہے ، جس کےامکان قوی ہیں تو پھر یہ مودی حکومت کے لئے ضرورت سے زیادہ مجبوری ہوگی کیونکہ کئی ریاستوں میں بی جےپی میں اندرونی ناراضگی بڑھ رہی ہے۔ اترا کھند میں حال ہی میں وزیر اعلی کو بدلا گیا ہے اور سابق وزیر اعلی کو ایڈ جسٹ کرنے کی چرچائیں ہیں ۔ کرناٹک میں ناراضگی ہے ، مدھیہ پردیش میں زبردست ناراضگی ہے اور اتر پردیش میں تو ناراضگی بہت عام ہو چکی ہے۔ اس لئے مرکزی حکومت میں کابینہ کی توسیع کر کے ان ناراضگیوں کو دور کرنے کی کوشش ہو سکتی ہے یعنی یہ توسیع مجبوری ہے۔