عمر گوتم اور مولانا جہانگیر قاسمی کی ریمانڈ مکمل، جیل بھیجا گیا ای ڈی کا دعویٰ، عمر گوتم اور ان سے وابستہ تنظیموں کو کروڑوں روپے کا چندہ ملا

لکھنؤ: (ملت ٹائمز) اترپردیش اے۔ٹی۔ایس کی ٹیم نے دونوں مبلغین عمر گوتم اور مولانا جہانگیر قاسمی کی ریمانڈ کی مدت مکمل ہونے کے بعد گزشتہ شب دونوں کو میڈیکل کے بعد جیل بھیج دیا۔اے۔ٹی۔ایس۔ کا کہنا ہے کہ دونوں سے ہوئی تفتیش کے بعد تمام پہلوؤں پر جانچ کی جا رہی ہے۔ اتر پردیش اے۔ ٹی۔ایس۔کی ٹیم نے مبینہ تبدیلی مذہب کے معاملہ میں عمر گوتم اور مولانا جہانگیر قاسمی کو گرفتار کیا تھا،عدالتی تحویل میں ان دونوں کو 14 روز کے لئے جیل بھیج دیا گیا تھا۔اس معاملہ میں گزشتہ 22 جون کو دونوں مبلغین کو پانچ روز کی ریمانڈ پر لیا تھا۔یہ مدت مکمل ہونے کے بعد اے۔ٹی۔ ایس۔کی دخواست پر عدالت نے دونوں کی ریمانڈ میں چار روز کی توسیع کر دی تھی۔گزشتہ روز شام کو۔اے۔ٹی۔ایس۔کی ٹیم نے دونوں مبلغین کی ریمانڈ کی مدت مکمل ہونے کے بعد ان کو جیل بھیج دیا۔اے۔ٹی۔ایس۔ نے بتایا کہ دونوں سے ہوئی پوچھ تاچھ سے ملے ان پٹ کے بعد ان کی جانچ شروع کر دی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ دہلی سے گرفتار تینوں ملزمین میں سے ابھی۔اے۔ٹی۔ایس۔پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔

اسی طرح گجرات میں گرفتار ہوئے صلاح الدین،زین الدین،شیخ کو ریمانڈ پر لینے کے لیے عدالت میں درخواست دی گئی تھی،اس پر پیر کو سماعت کی جائے گی۔

دوسری جانب اترپردیش۔اے۔ٹی۔ایس۔ کی ٹیم نے عمر گوتم کے اسلامک دعوہ سینٹر اور ان سے وابستہ دوسری تنظیموں کے دفاتر پر چھاپا مار کر وہاں موجود تمام دستاویز کمپیوٹر،ہارڈ ڈسک کو قبضہ میں لے کر معاملہ کی جانچ شروع کر دی ہے۔ای۔ڈی۔کے ذرائع کے مطابق شروعاتی جانچ میں ای۔ڈی۔ کو معلوم ہوا ہے کہ عمر گوتم کے اسلامک دعوہ سینٹر اور دوسری دیگر تنظیموں میں اب تک کروڑوں روپے چندہ کی شکل میں آئے ہیں۔یہاں دوسرے ممالک سے بھی چندہ ملنے کی بات کہی جا رہی ہے۔اترپردیش اے۔ ٹی۔ایس۔ کی ٹیم نے چند روم قبل دہلی کے جامعہ نگر علاقہ میں رہنے والے عمر گوتم اور مولانا جہانگیر قاسمی کو مبینہ تبدیلی مذہب کے معاملہ میں گرفتار کیا تھا۔