نئی دہلی: طب یونانی طرز زندگی میں تبدیلی، غذا میں اعتدال اور حفاظتی مداخلتوں کے ذریعہ بیماریوں کی روک تھام پر توجہ دیتی ہے اور مابعدکووڈ-19 عوارض کے سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، یہ بات پروفیسر نجمہ اختر، وائس چانسلر، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے آج یہاں نئی دہلی میں کہی۔
وہ حکیم اجمل خان انسٹی ٹیوٹ فار لٹریری اینڈ ہسٹاریکل ریسرچ ان یونانی میڈیسن، سنٹرل کونسل فار ریسرچ اِن یونانی میڈیسن (سی سی آر یو ایم)، وزارت آیوش، حکومت ہند کے زیر اہتمام مابعدکووڈ-19 عوارض میں یونانی طب کے کردار پر قومی سیمینار کے دوران اپناصدارتی خطبہ پیش کر رہی تھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سی سی آر یو ایم نے نئی دواؤں پر تحقیق کے ساتھ ساتھ روایتی یونانی دواؤں اور نسخوں کی توثیق کے شعبے میں زبردست کام کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ ڈائریکٹر جنرل پروفیسر عاصم علی خان کی قیادت میں سی سی آر یو ایم میں بہت نمایاں اور ضروری تبدیلیاں آئی ہیں۔ انہوں نے لٹریری ریسرچ،کلاسیکی،طبی کتابوں کے ترجمہ اور عالمی ادارہ صحت کے پروجیکٹس سے متعلق بہتر کارکردگی کے لئے جامعہ ملیہ اسلامیہ کیمپس میں واقع سی سی آر یو ایم کے لٹریری انسٹی ٹیوٹ کی تعریف کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر عاصم علی خان، ڈائریکٹر جنرل، سی سی آریوایم نے کہا کہ کووڈ-19 کے دوران سی سی آریوایم نے اہم کردار ادا کیا اور یونانی طب میں مابعد کووڈ-19 عوارض سے نمٹنے کی بھی کافی صلاحیت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران سی سی آر یو ایم نے قومی اور بین الاقوامی سطح پراشتراک میں توسیع کی ہے اوریونانی طب میں ٹریننگ اور پریکٹس سے متعلق عالمی ادارہئ صحت کے دستاویزات کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں واقع سی سی آریوایم کے لٹریری انسٹی ٹیوٹ کے تئیں تعاون کے لیے پروفیسر نجمہ اختر کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد خالد، اسسٹنٹ ڈرگ کنٹرولر، ڈائریکٹوریٹ آف آیوش، دہلی نے یونانی طب کے فروغ اور ترقی میں سی سی آر یو ایم اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے درمیان مزید تعاون اور اشتراک کا مشورہ دیا۔
پروفیسر ناظم حسین الجعفری، رجسٹرار، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی جس کا اختتام ڈاکٹر محمد فضیل، انچارج،حکیم اجمل خان انسٹی ٹیوٹ فار لٹریری اینڈ ہسٹاریکل ریسرچ ان یونانی میڈیسن، نئی دہلی کے کلمات تشکر کے ساتھ ہوا۔
سیمینار کے دوتکنیکی اجلاس میں ڈاکٹر معراج الحق، حکیم اجمل خان انسٹی ٹیوٹ، پروفیسر محمد فیصل، جامعہ ملیہ اسلامیہ، ڈاکٹر بلال احمد،حکیم اجمل خان انسٹی ٹیوٹ، ڈاکٹر شیریں ظفر، جامعہ ہمدرد، ڈاکٹر احمد سعید، حکیم اجمل خان انسٹی ٹیوٹ، ڈاکٹر سعدیہ نکہت، جامعہ ہمدرد اور ڈاکٹر سہراب احمد خان، جامعہ ہمدرد نے موضوع سیمینار کے مختلف پہلوؤں پراپنے مقالے پیش کیے۔ پہلے اجلاس میں پروفیسر سنجے سنگھ، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور پروفیسر ایس ایم عارف زیدی، جامعہ ہمدردنے صدر اجلاس اور ڈاکٹر نیلم قدوسی اور ڈاکٹر معراج الحق، حکیم اجمل خان انسٹی ٹیوٹ نے نائب صدر اجلاس کے فرائض انجام دیے۔ جبکہ دوسرے اجلاس میں پروفیسر سید اختر حسین، جامعہ ملیہ اسلامیہ، پروفیسر محمد ادریس، اے اینڈ یو طبیہ کالج اور ڈاکٹر محمد خالد، ڈائریکٹوریٹ آف آیوش، دہلی نے صدر اور ڈاکٹر عظمیٰ اور ڈاکٹر اسامہ اکرم،حکیم اجمل خان انسٹی ٹیوٹ، نئی دہلی نے نائب صدر کے طور پر شرکت کی۔