آل انڈیا ملی کونسل کے نالندہ ضلع کمیٹی کی تشکیل نو، تعلیمی تحریک کو آگے بڑھانے پر زور

بہارشریف: (پریس ریلیز) آل انڈیا ملی کونسل ضلع نالندہ کی تشکیل اورذمہ داریوں کے انتخاب کے سلسلے میں ایک نشست قومی نائب صدر آل انڈیا ملی کونسل حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی کی صدارت میں بہار شریف میں ہوئی، اس نشست کا آغاز مولانا جمال الدین قاسمی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔اس نشست میں آل انڈیا ملی کونسل ضلع نالندہ کی تشکیل عمل میں آئی ۔ جناب قدرت اللہ صدر کمیٹی کے ذریعہ پروگرام بحسن وخوبی اختتام پذیر ہوا۔

آل انڈیاملی کونسل کے قومی نائب صدر مولانا انیس الرحمن قاسمی نے فرمایاکہ بہار شریف تاریخی سرزمین کے ساتھ علم ومعرفت کی سرزمین ہے،یہاں کی نالندہ یونیورسٹی جوکہ پانچویں صدی عیسوی میں قائم کی گئی تھی، اس کا شمار دنیا کی قدیم ترین یونیورسٹیوں میں ہوتا ہے۔تعلیم انسان کی بنیادی ضرورت کے ساتھ بنیادی حق بھی ہے اور انسانی ترقی کا کلیدی جزو ہے۔ یہ وہ بنیاد ہے جس پر افراد اپنی زندگی گزارتے ہیں اور اپنے مستقبل کو تشکیل دیتے ہیں۔ تعلیم لوگوں کو زندگی گزارنے اور معاشرے میں اپنی اہمیت کو ثابت کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔حج بھون میں مسلمانوں کے لیے کوچنگ کا انتظام ہے،اس سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔مولانا قاسمی نے فرمایاکہ آل انڈیا ملی کونسل نے اگلے تیس سال کے تعلیمی ترقی کے لیے مشن تعلیم2050کا منصوبہ بنارکھا ہے،جس میں ایک دوسرے کے کاموں کی ستائش،باہمی رابطہ،ایک دوسرے کا تعاون اورباہمی اشتراک کے ذریعہ کام کیا جارہاہے۔مولانا قاسمی نے بلند حوصلے کے ساتھ ترقی کے مواقع ڈھونڈھنے کی ضرورت پر روز دیا اورفرمایاکہ اللہ تعالیٰ نے غیرمسلموں کے ساتھ، جو اسلام اور مسلمانوں سے برسرپیکار نہ ہوں اور نہ ان کے خلاف کسی شازشی سرگرمی میں مبتلا ہوں، خیرخواہی، مروت، حسن سلوک اور رواداری کی ہدایت فرمایا ہے۔ خیرامت ہونے کے ناطے ہمارا فریضہ ہے کہ ہم کیسے ایک دوسرے کے لیے مفید ثابت ہوں؟اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم مل جل کر اوراخوت ومودت سے ایک دوسرے کے ساتھ زندگی گزاریں۔بہار شریف میں فسادات کا سلسلسہ طویل ہے۔حالیہ فرقہ وارانہ فساد ہمیں باخبر کرنے کے لیے ہے کہ ہم جان ومال کی حفاظت کیسے کریں؟ نیز جو کہ غلط طریقے سے جیلوں میں بند ہیں ،ان کو چھڑانے کا انتظام کریں،اس میں زکوٰۃ کی رقم کو لگاسکتے ہیں۔مولانا قاسمی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اب تک جن لوگوں کو معاوضہ کی رقم نہیں ملی ہے، حکومت انہیں رقم جلد سے جلد ادا کرے۔ملک کی موجودہ حالات اورہندو مسلم منافرت سے تعلق سے مولانا قاسمی نے کہاکہ اس وقت مذہبی رہنماؤں کے ساتھ قریبی تعلق قائم کرکے انہیں اسلام کی حقیقت اورسچائی سے روشناس کرانا چاہیے اورغلط فہمیوں کودورکرناچاہیے۔

 اس انتخابی نشست میں آل انڈیا ملی کونسل کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے آل انڈیا ملی کونسل بہار کے جنرل سکریٹری مولانامحمد عالم قاسمی نے کہا کہ آل انڈیا ملی کونسل کا مقصد تمام مکاتب فکر کے ساتھ مل کر ملی مسائل کے لیے جدو جہد کرنا ہے، ملی کونسل کلمہ کی بنیاد پر اتحاد کی دعوت دیتی ہے،جب کہ انسانی بنیادوں پر تمام انسانوں کے درمیان محبت واخوت اوربھائی چارے کو فروغ دینا اس کے مقاصد میں شامل ہے، انہوں نے ملی کونسل کے بارہ شعبہ جات کا تفصیل سے تعارف کراتے ہوئے کہاکہ آل انڈیا ملی کونسل اپنے اغراض ومقاصد کے حصول کے لیے

(1) شعبہ تحقیق وتجزیہ، (2) شعبہ برائے منصوبہ بندی،(3) شعبہ دعوت و تبلیغ، (4) شعبہ برائے دینی تعلیم،(5) شعبہ برائے عصری و تکنیکی تعلیم، (6) شعبہ تحفظ شریعت و اصلاح معاشرہ، (7) شعبہ خدمت خلق، (8) شعبہ برائے حقوق انسانی و انصاف، (9) شعبہ برائے معاشی و اقتصادی امور، (10) شعبہ برائے سیاسی امور،(11) شعبہ ذرائع ابلاغ، (12) شعبہ لیگل ایڈکے قوم وملت کی خدمت میں سرگرم عمل ہے۔

اس انتخابی نشست سے جناب محمد مشیر صاحب، انجینئر علی احمد، جناب سلطان صاحب،جناب سجاد شاہ، جناب اصفہان عالم، جناب غضنفر صاحب، ایڈوکیٹ سرفراز نے بھی خطاب کیا اورملی کونسل کے ہمہ جہت خدمات کو سراہتے ہوئے کاموں کو مزید تقویت دینے کی یقین دہانی کرائی۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com