کیرالہ : آر ایس ایس کے دفتر پر بم حملہ، سی پی ایم دفتر آگ کے حوالے

کوجھی کوڈ (ملت ٹائمز )
ضلع کے نداپورم کے نزدیک راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ کے دفتر پر جمعرات کی رات کو کچھ نامعلوم افراد کی طرف سے بم پھینکے جانے کی واردات ہوئی، جس میں سنگھ کے 4 کارکنان زخمی ہو گئے۔یہ معاملہ ابھی پرسکون بھی نہیں ہوا تھا کہ جمعہ کی صبح گزشتہ رات کوجھی کوڈ کے وشنومنگل علاقے میں سی پی ایم کے دفتر کو بھی آگ کے حوالے کر دیا گیا۔اس آتش زنی میں کسی کے ہلاک ہونے کی تو اطلاع نہیں ہے، مگر کیرالہ میں ان پرتشدد واقعات سے ہر طرف خوف کا ماحول ضرور ہے۔سنگھ کے دفتر پر حملے میں زخمی چاروں نوجوان کی شناخت بابو، ونیش، سدھیر اور سنیل کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق ، بم کی زد میں آنے سے بابو اور ونیش کے پاؤں اور پیٹ میں گہرا زخم آیا ہے ،ان کا علاج کوجھی کوڈ میڈیکل کالج میں چل رہا ہے، وہیں، معمولی طور پر زخمی سدھیر اور سنیل کو علاج کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے۔دوسری طرف، جمعہ کی صبح کالی کٹ میں واقع سی پی ایم کے دفتر میں آگ زنی کے معاملے میں پولیس جانچ کئے جانے کی بات کہہ رہی ہے،مگر ابھی تک کسی کے بھی گرفتار کئے جانے کی اطلاع نہیں ہے۔واضح رہے کہ کیرالہ میں اپنے کارکنوں کے قتل کے معاملے پر ناگپور سے لے کر بنگلور تک اور وڈودرہ سے لے کر اجین تک آر ایس ایس پہلے ہی سڑکوں پر ہے۔آر ایس ایس کا الزام ہے کہ کیرالہ میں سی پی ایم کے اقتدار میں آنے کے بعد 8ماہ میں 12کارکنوں کا قتل ہوا ہے۔آر ایس ایس نے یہ بھی الزام لگایا کہ ریاست میں گزشتہ 20سالوں میں ان کے 250کارکنوں کو قتل کیا جا چکا ہے۔کیرالہ میں پہلے بائیں بازو اور کانگریسی کارکنوں کے درمیان خونیں تشدد ہوتے رہے ہیں ، لیکن گزشتہ ایک دہائی میں اب یہ لڑائی آر ایس ایس اور بائیں باز و کے درمیان ہو رہی ہے۔