مہاراشٹر میں گٹکے کی فروخت ناقابل ضمانت جرم، فروخت کرنے والوں کو ہوگی 10 سالوں کی قید

ریاست مہاراشٹر میں اب گٹکا فروخت کرنے والوں کے لئے 10 برسوں کی سزا تجویز کی جاسکتی ہے نیز گٹکا کی فروخت اب ناقابل ضمانت جرم کے زمرے میں شامل ہوگیا ہے

ممبئی: ریاست مہاراشٹر میں اب گٹکا فروخت کرنے والوں کے لئے 10 برسوں کی سزا تجویز کی جاسکتی ہے نیز گٹکا کی فروخت اب ناقابل ضمانت جرم کے زمرے میں شامل ہوگیا ہے ۔
مجرمانہ معاملات کی پیروی کرنے والے وکیل شاہد ندیم انصاری نے بتلایا کہ دراصل ممبئی ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بینچ نے اپنے ایک فیصلے میں کہا تھا کہ گٹکا فروخت کرتے ہوئے پکڑے جانے والے شخص کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 188 کے تحت مقدمہ چلایا جاسکتا ہے جسکا مطلب یہ ہواکہ متذکرہ شخص سرکاری پابندی کے باوجود کسی ممنوع اشیاء کے فروخت میں ملوث پایا گیا ہے۔
لیکن گٹکا کی فروخت کرنے کے خلاف کاروائی کرنے والے ادارے ایف ڈی اے کا دعوی تھا کہ اس کے ساتھ تعزیرات ہند کی دفعہ 328 نافذ کے تحت ملزمین کے خلاف کاروائی کرنی چاہیے۔ دفعہ 328 کے مطابق زہر سمیت ایسی ممنوع اشیاء کی فروخت جو انسانی جسم کے لئے مضر ثابت ہو۔
ایڈوکیٹ شاہد ندیم انصاری نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنے حالیہ فیصلے میں اورنگ آباد بینچ کے حکم پر روک لگا دی ہے جس سے گٹکا کی فروخت کے خلاف کاروائی کا راستہ صاف ہوگیا ہے ۔