دبئی ائیرشو کے 12 ویں ایڈیشن کا افتتاح ، جے ایف 17 تھنڈر اور سپرمشاق طیاروں کی شرکت

دبئی(ایجنسیاں)
گزشتہ دنوں دبئی میں ائیرشو کے بارہویں ایڈیشن کا افتتاح یو اے ای کے وائس پریذیڈنٹ، پرائم منسٹر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ حکومت دبئی کے اعلیٰ افسران اور قد آور شیوخ اور شخصیات موجود تھیں۔ افتتاح کے بعد شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ملٹری اور سول ائیرکرافٹس کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے نمائش میں شرکت کرنے والے مختلف وفود اور سربراہان کو خوش آمدید بھی کہا۔
دبئی ائیرشو 2017ءمیں 72,500 ٹریڈ وزیٹرز اور 1200 سے زائد نمائش کنندگان نے حصہ لیا۔ اس موقع پر دنیا بھر سے ائیرکرافٹس انڈسٹری کے لوگوں نے حصہ لیا۔
ائیر کموڈور محمد اختر نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ائیر فورس کے تعلقات یو اے ای کے ساتھ بہت اچھے اورآگے بڑھنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز کی بات ہے کہ ہم نے یو اے ای کے ہوابزوں کو تربیت فراہم کی ہے۔دبئی ائیرشو میں پاکستانی مشاق طیاروں اور جے ایف 17 تھنڈر بھی شریک تھے جبکہ پاکستانی ہوا بازوں نے انتہائی مہارت کے ساتھ ان جہازوں کو اڑایا اور ائیر شو کے ناظرین سے داد تحسین حاصل کی۔ نمائش میں پاکستانی اٹیک ہیلی کاپٹر بھی موجود تھے جنہیں مختلف ممالک کے لوگوں نے ذوق اور شوق سے دیکھا۔ ان کے علاوہ ایف 16، میراج 2000 اور AN132 بھی نمائش کیلئے موجود تھے۔

12 سے 16 نومبر تک چلنے والی اس نمائش میں پاکستانی مصنوعات کو نمائش میں شریک لوگوں نے دلچسپی سے دیکھا اور پاکستانی طیاروں کے ساتھ تصاویر اتروائیں۔ اس موقع پر کروڑوں ڈالرز کے ریکارڈ بزنس بھی ہوئے۔ طیارہ انڈسٹری سے وابستہ جدید ترین جہاز اور خوبصورت ماڈل بھی نمائش کیلئے پیش کئے گئے۔ امارات میں مقیم پاکستانیوں کی بھی بڑی تعداد نے نمائش کا دورہ کیا اور پاکستانی مصنوعات کو دیکھا اور سراہا۔

SHARE