شام کے شہر دوما پر کیمیائی حملہ کرنے والوں کواس کا حساب چکاناہوگا :ترک صدر

انقرہ۔10اپریل(ملت ٹائمز)
صدر رجب طیب ایردوان نے شامی انتظامیہ کے زیر محاصرہ مشرقی غوطہ کی تحصیل”دوما“ میں کیمیائی ہتھیاروں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کی کاروائی کرنے والوں کا اس کا حساب بھی چکانا ہوگا۔
ترک میڈیا کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار پارلیمنٹ میں جسٹس اینڈ ڈولپمینٹ پارٹی کے گروپ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے اس حملے میں کم از کم 49 افراد کے جان بحق اور سینکڑوں کے زخمی ہونے پر کیمیائی حملوں پر لعنت ملامت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ جس نے بھی کیا ہے ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اس کا وہ لازمی طور پر حساب بھی چکائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلسلے میں ترکی نے اپنی تحقیقات کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل روس کے صدر ولادِ میر پوتن سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے اور بات چیت کا یہ سلسلہ آج یا پھر کل بھی جاری رہے گا۔
انہوں نے شام کے مسئلے کے حل کے بارے میں کہا کہ اس سلسلے میں پہلا سربراہی اجلاس سوچی میں منعقد ہوا تھا جبکہ دوسرا سربراہی اجلاس انقرہ میں منعقد ہوا اور روس اور ایران کے ساتھ مل کر مسئلہ شام کو حل کرنے کے بارے میں ہم سب بڑے پ±ر عزم ہیں اور اب تیسرا سربراہی اجلاس تہران میں منعقد ہوگا۔
صدر ایردوان نے کہا کہ ترک مسلح افواج نے شام کے علاقے عفرین میں دہشت گرد تنظیموں ” پی کے کے، پی وائی ڈی، وائی پی جی، کے سی کے اور داعش کے دہشت گردوں کا صفایا کرنے اور دوست اور برادر عوام کو ظلم و ستم سے بچانے کے لیے 20 جنوری کو شروع کردہ ” شاخِ زیتون” فوجی آپریشن کے دوران اب تک 4 ہزار اکہتر کوہلاک کیا جاچکا ہے۔