خانقاہیں ہمیشہ سے امن و شانتی کا گہوارہ رہی ہیں: طارق انور

نئی دہلی: کانگریس پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر جناب طارق انور نے کانگریس صدر محترمہ سونیا گاندھی کے ذریعہ بریلی شریف درگاہ کو چادر بھیجنے جانے کے بعد، نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہاکہ کانگریس پارٹی کی ایک روایت ہے کہ اس نے ہمیشہ سے سب کو اعتماد اور سب کو ساتھ میں لے کر ملک کی ترقی اتحاد، امن اور ترقی کے لئے کام کیا ہے۔ مسٹر انور نے کہا کہ درگاہیں امن و امان کی علامت ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوفیاء نے ہمیشہ ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھنے کے لئے اپنی قابل قدر خدمات انجام دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح مہنت، سنت اور دیگر مذہبی رہنماؤں نے ہمیشہ ملک میں امن و اتحاد کے لئے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی مذہب ہو وہ امن اور اتحاد کی بات کرتا ہے اور وہ باہمی ہم آہنگی کا سب سے بڑا پرچارک ہوتاہے۔

 انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی شروع سے ہی تمام مذاہب کا احترام کرتی ہے اور یہ کانگریس پارٹی کااثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہی سبھی مذاہب کو ساتھ لے کر ملک کی آزادی کی جنگ لڑنے کا کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانگریس پارٹی کااعتماد کامل ہے کہ ملک اسی وقت مضبوط اور ترقی پذیر ہوسکتا ہے جب تمام معاشرے اور مذاہب کے لوگوں کو آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت اور تشددکی  زیادہ عمر نہیں ہوتی ہے اور وہ اپنی موت سے مرجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا نے ہمیشہ امن کی وکالت کی ہے اور امن کے پیغامبر چاہے ان کی ذات یا مذہب سے کوئی بھی ہو اس سے قطع نظر ان کا احترام کیا ہے۔اس موقع پر کانگریس کے رہنما ہریش راوت، سلمان خورشید، راشد علوی، حسن احمد، ندیم جاوید، پی سی چاکو، ہارون یوسف اور دیگرلوگ موجود تھے۔