بھارت کی وفاقی تفتیشی ایجنسی نے ایمنسٹی انٹرنیشنل پر غیر ملکی مالی معاونت کے حوالے سے بھارتی قوانین کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیم نے اس اقدام کو مودی حکومت پر تنقید کا جواب قرار دیا۔
بھارتی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن ’سی بی آئی‘ نے انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے بھارت میں قائم متعدد دفاتر پر چھاپے مارے ہیں۔ سی بی آئی نے اس بین الاقوامی تنظیم پر غیر ملکی امداد کے قوانین کی مبینہ خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے یہ کارروائی کی ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے بیان کے مطابق سی بی آئی نے جمعہ 15 اکتوبر کو بھارت کے جنوبی شہر بنگلور میں’ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا پرائیوٹ لمیٹڈ‘ اور ’ایمنسٹی انٹرنینشنل ٹرسٹ‘ کے دفاتر میں چھاپے مارنے کے بعد ان کی تلاشی لی۔