سعودی عرب کی درخواست پر آئندہ سال اپریل میں مسئلہ کشمیر پر او آئی سی کے وزرائے خارجہ سطح کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیر اعظم عمران خان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مسئلہ کشمیر پر اسلامی سربراہی کانفرنس (او آئی سی ) کا اسلام آباد میں خصوصی اجلاس منعقد کرایا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے مسئلہ کشمیر پر او آ ئی سی کا اجلاس بلانے کی درخواست کی تھی جس پر سعودی شہزادے نے اسلام آباد میں اجلاس بلانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
او آئی سی کا مجوزہ اجلاس وزرائے خارجہ کی سطح کا ہوگا جس میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات ، بحرین، ترکی ، انڈونیشیا سمیت دیگر رکن ممالک کی شرکت متوقع ہے، ملائیشیا میں ہونے والے والے حالیہ سمٹ کے بعد سعودی عرب نے او آئی سی کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے دورے کے دوران او آئی سی کا اجلاس اسلام آباد میں بلانے کی یقین دہانی کرائی تھی، اجلاس کے ایجنڈے میں مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں شہریت کے متنازعہ قانون کا معاملہ سر فہرست ہوگا۔
مسلمانوں کے معاملات حل کرنے میں کوئی خاص کردار ادا نہ کرنے کے باعث ملائیشیا، ترکی، انڈونیشیا، قطر اور ایران سمیت دیگر ممالک کو او آئی سی پر تحفظات ہیں۔
کوالالمپور کانفرنس کو سعودی عرب او ا?ئی سی کے متبادل پلیٹ فارم کے طور پر دیکھتا ہے جس کے باعث 18 سے 21 دسمبر تک ہونے والی کانفرنس کے بعد او آئی سی کا مجوزہ اجلاس اور زیادہ اہمیت اختیار کرگیا ہے۔