آر ایس ایس کے اجلاس میں حاضرین نے سی اے اے مخالف نعرہ لگایا، مسلمانوں کو سمجھانے کیلئے منعقد کیا گیا تھا یہ پروگرام

نئی دہلی: (ملت ٹائمز) آر ایس ایس کی ذیلی تنظیم مسلم راشٹریہ منچ نے آج 16جنوری کو دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب میں سی اے اے کی حمایت میں ایک اجلاس منعقد کیاتھا ۔۔ اس پروگرام کا مقصد تھاکہ سی اے اے کے بارے میں بتایا جائے گا کہ یہ مسلمانوں کے خلاف نہیں ہے اور این آرسی اور این پی آر کے خلاف جو ملک بھر میں احتجاج ہورہا ہے اس کے بارے میں بتایا جائے گا اس سے مسلمانوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ اسی مقصد کے تحت پروگرام میں آر ایس ایس سے جڑے مسلم علماء شریک بھی ہوئے تاہم سامعین میں بیٹھے لوگوں نے سی اے اے اور این آرسی مخالف بینر دکھایا اور آئین بچاؤ کا نعرہ لگایا ۔آر ایس ایس مردہ آباد ۔ آئین زندہ باد جیسے نعرے لگے ۔ سامعین نے جس وقت آئین بچاؤ کا نعرہ لگایا اس وقت مسلم راشٹریہ منچ کے صدر اندریش کمار بھی اسٹیج پر موجود تھے ۔
نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق وشوہند و پریشد کے صدر الوک کمار نے اس واقعہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ اظہار رائے کی آزادی صرف ان کیلئے خاص ہے۔ وہ ڈبیٹ میں نہیں آئے لیکن ہنگامہ برپا کیا ۔
دوسری طرف سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے اور سی اے اے ۔ این آرسی مخالف بینر دکھانے اور آئین بچاؤ کا نعرہ لگانے والوں کی تعریف ہورہی ہے ۔
اس اجلاس میں مسلم راشٹریہ منچ سے جڑے علماءشریک ہوئے تھے مولانا صہیب قاسمی، مولانا کوکب مجتبی ۔مفتی حبیب الرحمن، مفتی سید عرفان۔