ہمیں تمہارے ہتھیار نہیں چاہئیے،کسی اور ملک سے خرید لیں گے :جرمنی کوسعودی عرب کا جواب

ریاض۔26فروری(ایجنسیاں)
یمن میں انسانی حقوق کی پامالی کا الزام لگا کر جرمنی نے سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت پر پابندی عائد کر دی تھی جس پر اب سعودی عرب کی طرف سے بھی انتہائی سخت موقف سامنے آ گیا ہے۔ آر پی فرنٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیرنے جرمنی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”ہمیں آپ کے ہتھیار نہیں چاہئیں، ہم کسی اور ملک سے خرید لیں گے۔“
نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو انٹرویو دیتے ہوئے عادل الجبیر کا مزید کہنا تھا کہ ”ہمارا ملک اسلحے کے لیے صرف جرمنی پر انحصار نہیں کرتا۔ اگر وہ ہمیں اسلحہ نہیں دینا چاہتا تو ہم اس پر دبا? نہیں ڈالیں گے۔ وہ کہتے ہیں کہ انہوں نے یمن جنگ کے فریقین کو اسلحے کی فراہمی روکی ہے، ان کا یہ فیصلہ غلط ہے۔ یمن کی جنگی قطعی طور پر قانونی ہے۔ یہ ہمارے لیے اپنے دفاع کی جنگ ہے اور ہم یمن کی قانونی حکومت کی درخواست پر وہاں جنگ لڑ رہے ہیں۔چنانچہ اس میں کچھ غلط نہیں ہے۔“