سرجیکل اسٹرائیک کا دعوی فرضی،عوامی حمایت حاصل کرنےکیلئے یہ سب کررہے ہیں پی ایم مودی:پاک وزیر خارجہ

اسلام آباد(ایجنسیاں)

پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کا پاکستان پر سرجیکل سٹرائیک کا تصوراتی دعوی کرنا عوام کی حمایت حاصل کرنے کا طریقہ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کا پاکستان پر سرجیکل سٹرائیک کا بار بار تصوراتی دعوی کرنا عوام کی حمایت حاصل کرنے کا طریقہ ہے یا پھر وہ کشمیر اور بھارت کے دیگر حصوں میں مظالم اور جنگی جرائم کی ذمہ دار اپنی فوج کی زبان بول رہے ہیں۔

واضح رہے کہ دو روز قبل لندن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے 2016 میں لائن آف کنٹرول پر کیے گئے مبینہ سرجیکل سٹرائیک کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دہشت گردی برآمد کرنے والوں کو برداشت نہیں کرے گا اور انہیں اسی زبان میں جواب دیا جائے گا جو وہ سمجھتے ہیں۔مودی نے دعوی کیا کہ سرجیکل سٹرائیک کی خبر کو عام کرنے سے قبل پاکستانی حکومت سے کئی بار رابطہ کرنے کی کوشش کی تاکہ انہیں آپریشن کے بارے میں آگاہ کیا جاسکے۔

تاہم پاکستانی وزارت خارجہ نے ہندوستان کے ان دعوووں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بار بار دہرانے سے جھوٹ سچ نہیں ہوجاتا، بھارتی حکومت کا دعوی جھوٹا اور کھوکھلا ہے۔

 

SHARE