اسلام آباد۔5جنوری(ملت ٹائمز ایجنسیاں)
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کی مذمت کرتے ہیں، جس ملک نے کسی اور کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں دیں ہوں اب وہ اسی کو ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں، امریکا 25 ارب روپے کے لیے ذلیل کر رہا ہے، جبکہ اسحاق ڈار کے بیٹے کے دبئی میں دو ٹاور ہی 25 ارب روپے کے ہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی دھمکی پرعمران خان نے کہا کہ امریکا اپنی 16 سالہ ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے جبکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔’۔عمران خان نے امریکا کے موجودہ رویے کا ذمہ دار اپنے ملک کے طبقہ اشرافیہ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں انڈین لابی کی ضرورت نہیں، ہمارے اپنے لیڈر ملک کو بدنام کرنے پر تلے ہوئے ہیں اور اس ملک کے ادارے مافیا کے ہاتھوں مفلوج ہیں۔پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے جو افغانستان میں مکمل امن چاہتا ہے اور افغانستان کا امن پاکستان کے مفاد میں ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہاپاکستان میں سب لوگ شلوار قمیض پہنتے ہیں، لیکن شہباز شریف نے اپنے سارے سوٹ نکالے ہوئے ہیں اور اسی لیے ہر روز نئے نئے ہیٹ (ٹوپی) پہنتے ہیں تاکہ امریکیوں کو یہ بتا سکیں کہ میں بھی ان ہی کی طرح ہوں۔عمران خان نے شریف برادران کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں بھائی دو دو مرتبہ بالترتیب وزیراعظم اور وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں اور انہوں نے امریکیوں سے مطالبہ کیا کہ انہیں تیسری مرتبہ بھی باری دلوا دی جائے۔عمران خان نے دعویٰ کیا کہ شہباز شریف نے گزشتہ دور میں امریکا سے حکومت بحال کروانے کی درخواست کی تھی۔پی ٹی آئی چیئرمین نے الزام عائد کیا کہ شہباز شریف اور وزیر قانون پنجاب رانا ثنائ اللہ نے انتہا پسندگروپوں کو پالا ہوا ہے۔عمران خان کا مزید کہنا تھا خواجہ آصف واشنگٹن میں ایشیا سوسائٹی میں کہتے ہیں وہ لبرل جب کہ پی ٹی آئی دینی جماعتوں کے ساتھ ہیں، شہبازشریف کہتے ہیں کہ چودھری افتخارآوٹ آف کنٹرول ہے ہمیں اس سے خطرہ ہے۔عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کو مسئلہ یہ ہے کہ امپائرکیوں میرے ساتھ نہیں مل رہے، شریف برادران کو کسی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے کہ کوئی این آراوانہیں بچا سکے گا۔عمران خان نے کہا کہ اس ملک کوتھوڑے سے لوگ بدنام کررہے ہیں، افغانستان کا امن سب سے زیادہ پاکستان کے مفاد میں ہے، پاکستان دنیا میں وہ واحد ملک ہے جوافغانستان میں مکمل امن چاہتا ہے، نوازشریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے خود کہہ دیا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوتی ہے، ہوسکتا ہے زرداری سیدھے راستے پرآگیا ہو، اللہ کسی کوبھی ہدایت دے سکتا ہے۔