اسلامی یونیورسٹی مدینہ منورہ میں ساتویں عالمی ثقافتی میلے کا آغاز

مدینہ منورہ(27/فروری)ملت ٹائمز
آج اسلامی یونیورسٹی مدینہ منورہ میں دس روزہ عالمی ثقافتی میلے کا آغاز ہوگا. جس کا افتتاح امیر مدینہ منورہ شیخ فیصل بن سلمان بن عبدالعزيز کرینگے. اس موقع پر اسلامی یونیورسٹی کے  چانسلر حاتم بن حسن المرزوقی اور فیکلٹیز کے ذمہ داران بھی موجود رہیں گے.
واضح رہے کہ اس کا انعقاد یونیورسٹی میں پڑھنے والے مختلف ممالک کے طلبہ کرتے ہیں. اسلامی یونیورسٹی مدینہ منورہ میں تقریباً 180 ممالک کے طلبہ زیر تعلیم ہیں. امسال 70 ممالک کے 500 طلبہ نے اس ثقافتی میلے میں حصہ لیا ہے. جو اپنے ملک کی تہذیب و ثقافت کی نمائش کرینگے.حسب سابق اس موقع پر ہندوستانی طلبہ نے بھی ثقافتی میلے میں شرکت کی ہے. جس میں وہ ہندوستان کی تہذیب و ثقافت، سیاحتی مقامات، تاریخی آثار اور قومی چیزیں پیش کرینگے. اس موقع پر ہندوستانی طلبہ نے اپنے سیکشن کو لال قلعہ، تاج محل اور دیگر ہندوستانی چیزوں سے مزین کیا ہے.
اس ثقافتی میلے میں مختلف ممالک کے سفرا کے علاوہ  مقامی لوگ اور طلبہ کی بڑی تعداد مختلف ممالک کی رنگ رنگی دیکھنے کے لیے تشریف لاتی ہے.
اس ثقافتی میلے کے اختتام کے دن اپنے ملک کی تہذیب و ثقافت کو خوبصورتی سے پیش کرنے والے 20 ممالک کے طلبہ کو انعامات سے بھی نوازا جاتا ہے.
SHARE