راہل گاندھی عوام کی پہلی پسند: سروے  مودی کے نام پر لوک سبھا انتخابات لڑ رہی بی جے پی کے لئے خطرے کی گھنٹی

ایک سروے کے مطابق راہل گاندھی کی لوگوں میں مقبولیت بڑھتی جا رہی ہے اور اب وہ وزیر اعظم کے عہدے کے لئے پہلی پسند بنتے جا رہے ہیں

وزیر اعظم نریندر مودی کے نام پر لوک سبھا انتخابات لڑ رہی بی جے پی کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے۔ ایک طرف بی جے پی مودی کے نام پر جیت کا دعوی کر رہی ہے اور دوسری جانب وزیر اعظم نریندر مودی کی مقبولیت میں کمی آ رہی ہے اور یہ بی جے پی کے لئے پریشانی کا سبب ہے۔سی ۔ووٹر اور آئی اے این ایس پول ٹریکر سروے کے مطابق وزیر اعظم کے عہدے کے لئے سیدھے مقابلہ میں آندھرا پردیش، پنجاب، کیرل اور تمل ناڈو کے زیادہ تر ووٹر راہل گاندھی کو ووٹ دیں گے۔

19اپریل کو کیے گئے ایک سروے میں لوگوں سے پوچھا گیا تھا کہ اگر انہیں ہندوستان کے وزیر اعظم کا انتخاب کرنے کا موقع دیا جائے تو وہ راہل گاندھی اور نریندر مودی میں سے کس کا انتخاب کریں گے۔ ہر ریاست کے اعداد و شمار الگ الگ تصویر پیش کرتے ہیں۔ کیرل میں 64.96 فیصد رائے دہندگان راہل کو وزیر اعظم بنتا دیکھنا چاہتے ہیں جبکہ صرف 23.97 فیصد نے ہی مودی کے حق میں اپنی رائے کا اظہار کیا۔ دوسری جانب تمل ناڈو میں کیے گئے سروے کے مطابق 60.91 فیصد لوگوں نے راہل کو پسند کیا اور صرف26.93 فیصد نے مودی کو اپنی پہلی پسند بتایا۔ پنجاب میں مقابلہ قریبی رہا اور یہاں 37.04 فیصد لوگوں نے راہل کو اپنی پہلی پسند مانا جبکہ 36.05 فیصد نے مودی کو اپنی پہلی پسند بتایا۔

قومی سطح پر 11,192 لوگوں سے یہ سوال پوچھا گیا اور دوسری جانب ریاستی سطح پر آندھرا پردیش میں 451، کیرل میں 701، تمل ناڈو میں 533 لوگوں سے اور پنجاب میں 502 لوگوں سے یہ سوال پوچھا گیا تھا۔ مودی آندھرا پردیش میں 11فیصد، کیرل میں 40.99 فیصد، تمل ناڈو میں 33.93 فیصد اور پنجاب میں 0.99 فیصد سے پیچھے رہے۔