
ایران میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کرنے والے تقریباً ایک ہزار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ان پر بینکوں اور متعدد دکانوں کو آگ لگانے کا الزام ہے۔ تہران نے تین روز قبل تیل کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ اس کا کوٹہ بھی مقرر کر دیا تھا، جس کے بعد ملک کے کئی حصوں میں مظاہرے ہوئے ہیں۔ ایسنا نیوز ایجنسی کے مطابق پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں ایک شخص ہلاک بھی ہوا ہے۔ قبل ازیں جمعے کے روز بھی مظاہرین کی ہلاکتوں کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
ایران میں مظاہرین پر تشدد کے خلاف امریکہ کی مذمت
امریکہ نے ایران میں مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال اور مواصلاتی پابندیوں کی مذمت کی ہے۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق واشنگٹن ایران میں حکومت خلاف پرامن احتجاج کی حمایت کرتا ہے۔ امریکا نے ایک مرتبہ پھر تہران حکومت پر عوام کی بجائے میزائل اور جوہری پروگرام پر رقوم خرچ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ دوسری جانب ایران نے امریکہ کے اس بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ’ فساد ‘ پھیلانے والوں کی حمایت ترک کر دے۔





