ٹرمپ کے اعلان کے بعد پاکستان میں ہلچل ،وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب

اسلام آباد۔2جنوری(ایجنسیاں ملت ٹائمز)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئے سال کے پہلے دن ہی انتہائی تشویشناک پاکستان مخالف بیان داغ دیا جس نے ملک کی سیاسی جماعتوں اور سول ملٹری حکام کو ایک پیج پر کھڑا کردیا ہے۔گزشتہ روز ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے بعد رات کے وقت دفتر خارجہ میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیلز کو طلب کر کے اس بیان کی وضاحت مانگی گئی۔ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کا جائزہ لینے کے لیے آج کابینہ کا اجلاس بھی بلا یا گیا تھا اور کل قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہونا تھا لیکن اب شیڈول میں تبدیلی کردی گئی ہے جس کے بعد قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج سہ پہر ہو گا جس میں سول ملٹری قیادت سر جوڑ کر بیٹھے گی۔امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر اعزاز چودھری بھی پاکستان آگئے ہیں جو کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔آج کے اہم اجلاس میں سول و ملٹری قیادت پاک امریکہ تعلقات پر غور کرے گی اور اس حوالے سے سفارتی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔بتا یا جا رہا ہے کہ آج ہونے والا وفاقی کابینہ کا اجلاس کل تک ملتوی ہو گیا ہے۔