انقرہ۔یکم اپریل(ملت ٹائمز )
ترکی انسانی امداد کے معاملات میں قدرے ایک حساس مملکت ہے۔ترکی کے وزیر اعظم بن علی یلدرم نے بوسنیا۔ہرزیگوینا کے دور ے کے دوران حیات ٹیلی ویڑن کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔
انہوں نے ترکی کی انسانی امدادی سرگرمیوں پر توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ”جس کا ہمسایہ بھوکا سو جائے وہ ہم میں سے نہیں ہے” ہمارا تعلق اسی تہذیب سے ہے۔ لہذا ہم ان امدادی سرگرمیوں اور تعاون کو جاری رکھیں گے۔ ترکی قومی آمدنی کے اعتبار سے سب سے زیادہ انسانی امداد فراہم کرنا والا ملک ہے۔ ”
وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ترکی ہمیشہ بوسنیا کا ساتھ دیتا رہے گا، ہم اس کی یورپی یونین اور نیٹو رکنیت کے لیے سر گرم عمل رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ سرائیوو اور بلغراد کو خشکی سے ملانے والی ہائی وے کی تعمیر میں ترکی مکمل تیکنیکی تعاون فراہم کرے گا۔
وزیر اعظم نے یہ بھی بتایا کہ صدر رجب طیب ایردوان کے رواں سال کے وسط میں مجوزہ دورہ بوسنیا میں اس منصوبے کی تمام تر تفصیلات قطعی شکل حاصل کریں گی۔





