عراق: مارکیٹ میں خودکش بم دھماکا، 11 افراد ہلاک، 15 زخمی

عراق کے دارالحکومت بغداد کے مشرقی حصے میں واقع ایک مارکیٹ میں خود کش بم دھماکے میں 11 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔ بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق عراقی سیکیورٹی حکام نے واقعہ کی تصدیق کردی۔ سینئر پولیس افسر کے مطابق جمیلہ مارکیٹ میں ہجوم کی موجودگی میں ایک خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑایا ۔ رپورٹ کے مطابق تاحال خود کش بم دھماکے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔ اس ضمن میں طبی ذرائع نے تصدیق کی کہ ہسپتال میں 11 افراد کی لاشیں لائی گئی۔رپورٹ کے مطابق حملہ اس وقت پیش آیا جب روزہ افطار کرنے کے بعد شہری گھروں سے نکلے۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس 30 اگست کو بھی مغربی عراق کے صوبے انبار میں القائم کے علاقے میں کار بم دھماکے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ داعش کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے 50 افراد کے ہلاک یا زخمی ہونے کا دعوی کیا گیا تھا۔