(ریاض سے محفوظ احمد کی رپورٹ /ملت ٹائمز ) سعودی عرب کے شہر ریاض میں موجود فضلائے دارالعلوم دیو بند کی تنظیم لجنہ علیہ (ابنائے قدیم دارالعلوم دیو بند) کے ذریعہ اس کا ماہانہ پروگرام حضرت مولانا انعام الحق صاحب قاسمی کے در دولت پر منعقد ہوا۔ پروگرام کا آغاز مولانا قاری شمشاد احمد صاحب قاسمی سابق استاذ شعبہ قرأت دارالعلوم دیو بند کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد حضرت مولانا محمد ہاشم صاحب قاسمی نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ پھر مہمان خصوصی حضرت مولانا ڈاکٹر محمد عزیر صاحب قاسمی ، صدر مرکزی جمعیت علمائے ہند دہلی نے اپنے دلچسپ انداز میں سامعین سے خطاب فرمایا۔ مولانا موصوف نے موجودہ دور میں علماء کرام کی اہمیت اور ان کی ذمہ داریوں پر پر مغز بیان کیا۔ اس کے بعد حضرت مولانا محمد انعام الحق صاحب قاسمی نے لجنہ علمیہ کے ذریعہ منعقد ہونے والے اگلے ورکشاپ کا اعلان کیا اور اس کے عناوین پر روشنی ڈالی۔ واضح ہو کہ 20 دسمبر 2019ء بروز جمعہ لجنہ علمیہ کا نواں ورکشاپ حسب روایت ریاض کے خیام ریسٹورینٹ میں منعقد ہونے جا رہا ہے جس میں مختلف عنوان پر چھ مقالے پیش کیے جائینگے۔
ریاض میں موجود قدیم و جدید تقریباً پچاس فضلائے دارالعلوم نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ مولانا انعام الحق صاحب کی وضاحت کے بعد پروگرام کے اختتام کا باقاعدہ اعلان کیا گیا اور سارے لوگوں نے عشائیہ تناول فرمایا۔
کھانے سے فراغت کے بعد شرکاء میں سے مختلف لوگوں نے اپنے اپنے مخصوص و مترنم آواز میں نعت نبی و متعدد شعراء کے کلام پیش کر ایک بار پھر محفل کے ماحول کو گرم کر دیا اور لوگ اس سے خوب خوب لطف اندوز ہوئے۔ اخیر میں دارالعلوم دیوبند کے قدیم محرر حاجی یعقوب صاحب کی حالیہ وفات پر تعزیت اور دعائے مغفرت کی
گئی۔
پروگرام میں شرکت کرنے والوں میں مولانا محمد ہاشم قاسمی ، مولانا احتشام الحق قاسمی ، مفتی عبد الحفیظ انصاری ، مولانا نسیم احمد قاسمی ، مولانا نہال انور قاسمی ، مولانا محمد ارشد اصغر قاسمی اور مولانا عبد الخالق قاسمی کا نام بطور خاص شامل ہے۔
لجنہ علمیہ کے ذمہ داران میں مولانا محمد انعام الحق قاسمی ، مولانا محمد نثار صاحب ، مولانا محمد ہارون قاسمی ، مولانا لطف اللہ قاسمی ، مولانا محفوظ احمد قاسمی اور مولانا اشرف علی قاسمی نے پروگرام کے انتظام و انصرام کی ذمہ داریوں کو بحسن و خوبی انجام دیا۔






